کامیابی پر اکتفا نہیں، مسلسل بہتری ہماری پالیسی ہے‘عیدالاضحی کے بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیمیں شاباش کی مستحق ہیں
ایران،امریکہ امن معاہدے کا خیرمقدم ‘ تاریخ گواہ رہے گی پاکستان نے دنیا کو معاشی تباہی، خونریزی اور عالمی بحران سے بچایا:وزیراعلی
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کامیابی پر اکتفا نہیں، مسلسل بہتری ہماری پالیسی ہے۔صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں خطاب کرتے مریم نواز کا کہنا تھا پنجاب حکومت نے انتظامی امور میں نیا معیار قائم کر دیا، عیدالاضحیٰ کے بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیمیں شاباش کی مستحق ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران گزشتہ انتظامات کو پیچھے چھوڑ کر بہترین سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فول پروف سکیورٹی اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر میں صفائی اور سکیورٹی کے شاندار انتظامات کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اداروں، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ نے انتہائی محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے ایک مؤثر کردار ادا کیا ہے۔مریم نواز نے کا آر پی اوز، ڈی پی اوز، سیکرٹری ہوم اور دیگر متعلقہ حکام کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کی ٹیم اور پنجاب بھر کی سترہ فیلڈ فارمیشنز نے عید کے دنوں میں مثالی خدمات انجام دیں۔اْن کا کہنا تھا کہ اِن خدمات کے باعث قربانی کے بعد صفائی آپریشن بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل ہوا جبکہ عیدگاہوں اور مساجد کی صفائی کے انتظامات بھی انتہائی قابلِ ستائش رہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نواز نے پاکستان کی کاوشوں سے ہونے والے ایران،امریکہ امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے تاریخ گواہ رہے گی کہ پاکستان نے دنیا کو معاشی تباہی، خونریزی اور عالمی بحران سے بچایا۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد،امن ہمیشہ پائندہ باد۔تاریخ گواہ رہے گی کہ پاکستان نے دنیا کو معاشی تباہی، خونریزی اور عالمی بحران سے بچایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عالمی سفارت کاری نے دنیا میں امن کا نیا سورج طلوع کر دیا۔