عاصم اظہر کے نئے گانے میں ہانیہ عامر کی آواز؟ سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں جاری

عاصم اظہر کے نئے گانے میں ہانیہ عامر کی آواز؟ سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں جاری

پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کے حالیہ ریلیز ہونے والے گانے آرزو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے، تاہم گانے کی مقبولیت کے ساتھ ایک نئی بحث بھی شروع ہو گئی ہے۔

متعدد سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ گانے کے ایک حصے میں سنائی دینے والی آواز اداکارہ ہانیہ عامر کی ہے۔عاصم اظہر نے حال ہی میں آرزو کے نام سے اپنا نیا گانا جاری کیا، جسے انہوں نے خان، مادھورکسو اور نور کے ساتھ مل کر گایا ہے۔ ریلیز کے بعد سے یہ گانا مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور مداح اس کی موسیقی اور بولوں کو خوب سراہ رہے ہیں۔گانے سے متعلق قیاس آرائیوں کا آغاز اس وقت ہوا جب عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر گانے کی ایک ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں موجود ایک لائن ’’پھر سے بولو‘‘ نے مداحوں کی خاص توجہ حاصل کی، اور کئی صارفین نے دعویٰ کیا کہ یہ جملہ مبینہ طور پر ہانیہ عامر کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے تبصروں اور بحث کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ بعض مداحوں نے ہانیہ عامر کو ٹیگ کرتے ہوئے سوال کیا کہ آیا واقعی گانے میں ان کی آواز شامل ہے یا نہیں، جبکہ کچھ صارفین نے دونوں فنکاروں کے ماضی کے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے بھی تبصرے کیے۔تاہم اب تک نہ تو عاصم اظہر اور نہ ہی ہانیہ عامر کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے آئی ہے، جس کے باعث مداحوں کے درمیان تجسس اور قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔