سپین: انجن فیل ہونے پر چھوٹا طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران سڑک پر گر گیا

سپین: انجن فیل ہونے پر چھوٹا طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران سڑک پر گر گیا

سپین کے سیاحتی جزیرے ٹینریف میں ایک چھوٹا طیارہ انجن فیل ہونے کے باعث ہنگامی لینڈنگ کے دوران مصروف سڑک پر گر گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ ٹینریف کی جانب پرواز کر رہا تھا کہ دورانِ پرواز اس کے انجن میں اچانک خرابی پیدا ہوگئی۔ صورتحال خراب ہونے پر پائلٹ نے فوری طور پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی، لیکن طیارہ سڑک پر آ گرا۔عینی شاہدین کے مطابق زمین سے ٹکراتے ہی طیارہ بجلی کے کھمبے اور درختوں سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں اس کے پر ٹوٹ گئے اور ملبہ سڑک پر بکھر گیا۔حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ حکام نے ایندھن کے اخراج کے باعث ممکنہ آگ سے بچاؤ کے لیے طیارے کے اردگرد خصوصی فوم بھی بچھایا تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق طیارے میں موجود پائلٹ اور معاون پائلٹ خود باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔ احتیاطی طور پر دونوں کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ کسی کو شدید چوٹ نہیں آئی۔مقامی انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت متاثرہ سڑک کو کچھ وقت کے لیے ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا۔