فیفا ورلڈ کپ 2026: کروڑوں ڈالر مالیت کی ٹرافی ایک بار پھر توجہ کا مرکز

فیفا ورلڈ کپ 2026: کروڑوں ڈالر مالیت کی ٹرافی ایک بار پھر توجہ کا مرکز

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے قریب آتے ہی فٹبال کی سب سے مشہور اور قیمتی ٹرافی ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جس کی تاریخی اہمیت اور منفرد ڈیزائن شائقین کے لیے خاص دلچسپی کا باعث ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ٹرافی 37 سینٹی میٹر بلند اور تقریباً 6 کلوگرام وزنی ہے، جو 18 قیراط خالص سونے سے تیار کی گئی ہے۔ موجودہ عالمی مارکیٹ کے حساب سے اس میں استعمال ہونے والے سونے کی مالیت تقریباً 250,000 امریکی ڈالرز بنتی ہے، تاہم اس کی تاریخی اور آرٹ کی حیثیت کے باعث ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اسے نیلام کیا جائے تو اس کی قیمت 20 ملین ڈالرز سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔یہ ٹرافی معروف اطالوی مجسمہ ساز سلویو گازانیگا نے 1970 میں ڈیزائن کی تھی۔ اس کا ڈیزائن دو انسانی مجسموں پر مشتمل ہے جو زمین کو اپنے ہاتھوں میں اٹھائے ہوئے دکھائے گئے ہیں، جو عالمی یکجہتی اور کھیل کے جذبے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ٹرافی کے نچلے حصے میں سبز رنگ کے معدنی پتھر ملاکائٹ (Malachite) کی دو تہیں بھی شامل ہیں، جو اسے ایک منفرد اور قیمتی فن پارہ بناتی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فیفا کی پالیسی کے مطابق اصل ٹرافی کسی بھی فاتح ٹیم کو مستقل طور پر نہیں دی جاتی۔ عالمی فٹبال کی تنظیم فیفا اصل ٹرافی اپنی تحویل میں رکھتی ہے، جبکہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو اس کی سونے کی ملمع کاری والی کانسی کی نقل دی جاتی ہے، جو یادگار کے طور پر رکھی جاتی ہے۔ماہرین کے مطابق یہ ٹرافی نہ صرف کھیل کی علامت ہے بلکہ عالمی فٹبال کی تاریخ، ثقافت اور کامیابیوں کی ایک زندہ مثال بھی ہے، جس کی وجہ سے ہر ورلڈ کپ کے دوران اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔