انگلینڈ فٹبال ٹیم کو دھچکا، کپتان ہیری کین انجری کے باعث کئی ماہ کیلیے باہر

انگلینڈ فٹبال ٹیم کو دھچکا، کپتان ہیری کین انجری کے باعث کئی ماہ کیلیے باہر

میونخ: انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کپتان اور جرمن کلب بائرن میونخ کے اسٹار اسٹرائیکر ہیری کین ٹخنے کی انجری کے باعث آئندہ کئی ماہ تک میدان سے باہر رہیں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بائرن میونخ اور کولون کے درمیان جمعے کو کھیلے گئے بنڈس لیگا مقابلے کے دوران ہیری کین کے بائیں ٹخنے کے لیگامنٹس متاثر ہوئے۔ وہ میچ کے 20ویں منٹ میں حریف کھلاڑی جوئل شمائیڈ کے ساتھ ٹکراؤ کے بعد زخمی ہوگئے۔انگلش اسٹرائیکر نے ابتدائی طور پر کھیل جاری رکھنے کی کوشش کی، تاہم تکلیف بڑھنے کے باعث انہیں میدان سے باہر جانا پڑا۔بائرن میونخ نے اپنے باضابطہ بیان میں ہیری کین کی انجری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بائیں ٹخنے کا سنڈسموٹک لیگامنٹ پھٹ گیا ہے، جس کے باعث وہ کئی ماہ تک ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

ہیری کین کی انجری انگلینڈ کی قومی ٹیم کے لیے بھی بڑا دھچکا قرار دی جا رہی ہے، کیونکہ انگلش ٹیم کو مارچ میں نیشنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں ناروے کا سامنا کرنا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچز 27 اور 30 مارچ کو شیڈول ہیں۔واضح رہے کہ ہیری کین رواں سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بنڈس لیگا کے 10 میچز میں 4 گول اسکور کیے جبکہ 8 گول کرنے میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی معاونت کی۔ اسی طرح چیمپئنز لیگ کے 4 میچز میں بھی ان کے نام 4 گول ہیں۔