پاکستان آسٹریلیا میچ کیلئے 6 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر) قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے میچ کے انعقاد کے لیے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ لاہور پولیس نے اپنی ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خود فیلڈ میں متحرک ہیں اور سکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز بھی ان کے ہمراہ مختلف مقامات کا دورہ کر رہے ہیں اور ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ٹیموں کی سکیورٹی پر مامور افسران اور جوانوں کو خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ ہر وقت الرٹ رہیں اور ڈیوٹی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق میچ کے لیے چار درجاتی حصار پر مشتمل فول پروف سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 6 ہزار 275 پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم، ٹیم ہوٹلز اور آمد و رفت کے راستوں پر سخت سکیورٹی حصار قائم کیا گیا ہے۔ داخلی و خارجی راستوں پر ملٹی لیئر سکیورٹی اور مو ثر چیکنگ کا نظام نافذ ہے، جبکہ ٹیموں کی نقل و حرکت کے لیے خصوصی سکیورٹی روٹس بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور کنٹرول روم سے لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ حساس مقامات پر سنائپرز تعینات ہیں جبکہ بلند عمارتوں کی نگرانی کے لیے خصوصی پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس پرامن اور محفوظ میچ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک فرد یا سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔