800 سے زائد کیمرے، اے آئی مانیٹرنگ، ڈرون سرویلنس بھی کی گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے میچ کے موقع پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے قومی و بین الاقوامی کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور شائقین کرکٹ کی حفاظت کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق میچ کے دوران خصوصی سرویلنس آپریشنز جاری ہیں جبکہ 800 سے زائد جدید کیمروں، فیشل ریکگنیشن اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی سسٹمز کے ذریعے ورچوئل پیٹرولنگ اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔قذافی اسٹیڈیم، ٹیموں کے ہوٹلز، ایئرپورٹ اور میچ روٹس کی سکیورٹی کے لیے سیف سٹی اور لاہور پولیس کا مشترکہ آپریشن پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کو مزید مئوثر بنانے کے لیے ڈرون سرویلنس کے ذریعے اسٹیڈیم، ٹیموں کی نقل و حرکت، اہم شاہراہوں اور حساس تنصیبات کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ترجمان کے مطابق فیشل ریکگنیشن کیمروں اور جدید ایل ٹی ای کمیونیکیشن سسٹمز کی مدد سے سکیورٹی اقدامات کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے، جبکہ بین الاقوامی معیار کی ٹیکنالوجی اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے ذریعے پرامن ماحول یقینی بنایا جا رہا ہے۔شہریوں اور شائقین کرکٹ کی سہولت کے لیے سیف سٹی ایف ایم 88.6 پر ٹریفک کی صورتحال، متبادل راستوں اور پارکنگ سے متعلق معلومات مسلسل نشر کی جا رہی ہیں تاکہ میچ کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔