بغیر ہیلمٹ سوار کی فرار کی کوشش،موٹرسائیکل چوری کا نکلا

لاہور (کرائم رپورٹر) کلمہ چوک کے علاقے میں ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پٹرولنگ آفیسر محمد اکرم نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم موٹرسائیکل سوار رکنے کے بجائے وارڈنز کو چکمہ دے کر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا۔ مشکوک حرکات و سکنات پر موٹرسائیکل کا ریکارڈ چیک کیا گیا تو معلوم ہوا کہ موٹرسائیکل چوری شدہ ہے۔ ٹریفک وارڈنز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور سمیت موٹرسائیکل کو تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ گارڈن ٹاوٓن پولیس کے حوالے کر دیا۔ سی ٹی او لاہور نے کامیاب کارروائی پر پٹرولنگ آفیسر محمد اکرم، اعجاز وٹو اور عمران اشرف کو شاباش دی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ٹریفک وارڈنز شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو بھی یقینی بنا رہے ہیں۔