ڈیفنس اتحاد تشدد کیس: متاثرہ نوجوان نے عدالت میں ملزمان کو شناخت کر کے معاف کر دیا

ڈیفنس اتحاد تشدد کیس: متاثرہ نوجوان نے عدالت میں ملزمان کو شناخت کر کے معاف کر دیا

کراچی: ڈیفنس خیابان اتحاد کمرشل ایریا میں نوجوان شہری پر تشدد کے کیس میں متاثرہ نوجوان سدھیر نے دونوں ملزمان کو عدالت میں شناخت کر کے معاف کر دیا۔

 واقعہ یکم جون کو پیش آیا تھا، جب کار سوار نوجوان نے معمولی ٹکر کے بعد موٹر سائیکل سوار سدھیر کو سڑک پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔پولیس کے مطابق متاثرہ نوجوان اپنی بہنوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھا کہ اچانک کار سے ٹکر ہونے پر کار سوار نے اشتعال میں آکر اسے زد و کوب کیا۔ واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا، جس کے بعد پولیس نے ملزم سلمان فاروقی سمیت دو افراد کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا۔ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں متاثرہ نوجوان سدھیر نے عدالت کو بتایا کہ اسے عدالت میں طلبی کا علم نہیں تھا، وکیل نے اطلاع دی تو وہ پیش ہو گیا۔

عدالت نے متاثرہ نوجوان سے سوال کیا کہ کیا اسے کسی قسم کے دباؤ یا دھمکی کا سامنا ہے؟ جس پر سدھیر نے جواب دیا:"میں کوئی کیس نہیں کرنا چاہتا، میں نے ملزم کو معاف کر دیا ہے، عدالت جو فیصلہ کرے مجھے کوئی اعتراض نہیں۔"عدالت نے اس بیان کے بعد ملزمان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کی ویڈیو و دیگر شواہد بھی ریکارڈ کا حصہ بنائے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کے محرکات اور ملزمان کی نیت کے حوالے سے قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔