اللہ کے لاکھوں پیارے آج حج کی سعادت حاصل کریں گے

عازمین  فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے نماز فجر کے بعد میدان عرفات پہنچیں گے، مسجد نمریٰ میں خطبہ حج سنیں گے جس کے بعد نماز ظہر اور عصر ادا کریں گے، عصر اور مغرب کے درمیان وقوف عرفہ ہو گا 
 مزدلفہ  میں مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے، رات کھلے آسمان کے نیچے قیام کرنے کے بعد نما زفجر ادا کریں گے‘  اگلے دن  قربانی کرنے کے بعد احرام کھول دیں گے

 اسلام آباد/مکہ مکرمہ (یواین پی) حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا، ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین سمیت لاکھوں کلمہ گو فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے، منیٰ میں خیمہ بستی آباد ہو چکی ہے، مکہ مکرمہ میں مقیم دنیا بھر سے آئے ہوئے تمام عازمین منیٰ پہنچ گئے، منیٰ میں ایک دن قیام کے بعد جمعرات 9 ذوالحج کو فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے نماز فجر کے بعد میدان عرفات پہنچیں گے، مسجد نمریٰ میں خطبہ حج سنیں گے جس کے بعد نماز ظہر اور عصر ادا کریں گے، عصر اور مغرب کے درمیان وقوف عرفہ ہو گا جس میں حاجی اللہ رب العزت کے حضور گڑ گڑا کر دعائیں کریں گے، سورج غرب ہونے کے ساتھ ہی نماز مغرب ادا کئے بغیر حاجی مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں پر وہ مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے، رات کھلے آسمان کے نیچے قیام کرنے کے بعد نما زفجر ادا کریں گے اور طلوع آفتاب کے ساتھ ہی منیٰ میں اپنے خیموں کی طرف لوٹ جائیں گے، پہلے دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کرکے، بال مونڈوا کراحرام کھول دیں گے۔اسی طرح دوسرے اور تیسرے دن بھی شیطان کو کنکریاں ماریں گے، اسی دوران حاجی طواف زیارت کیلئے مسجد الحرام جائیں گے۔ تیسرے دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حاجی مکہ مکرمہ میں اپنی رہائش گاہوں کی طرف لوٹ جائیں گے۔