احتجاجی سیاست دوبارہ شروع کرنے کیلئے پارٹی نے لائحہ عمل تیار کرلیا: شبلی فراز

26 نومبر کے بعد ہماری سیاسی جدوجہد میں کمی آئی، ہمیں توقع نہیں تھی کہ ہم پر گولیاں چلائی جائیں گی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ احتجاجی سیاست دوبارہ سے شروع کرنے کے لیے پارٹی نے لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔شبلی فراز نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی 3 سال سے احتجاجی سیاست کر رہی ہے، 26 نومبر کے بعد ہماری سیاسی جدوجہد میں کمی آئی، ہمیں توقع نہیں تھی کہ ہم پر گولیاں چلائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اب بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں شروع ہوئیں تو دوبارہ سرگرمیاں شروع ہو رہی ہیں، عمران خان نے تنظیمی عہدیداروں کو دوبارہ سے جہدوجہد شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے عمل دخل کے بغیر احتجاج زیادہ موثر نہیں ہوتا، علی امین گنڈاپور احتجاج میں جنید اکبر کو سپورٹ کریں گے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جنید اکبر کو بانی پی ٹی آئی نے بنایا ہے اور ان پر اعتبار بھی ہے۔