الیکشن کمیشن نے منظوری کے بغیر ملازمین کو 20 فیصد الائونس دیدیا

اسلام آباد(آئی این پی)الیکشن کمیشن سے متعلق سال 2013-14کے آڈٹ اعتراضات کے جائزے کے دوران آڈٹ حکام نے کہا ہے  الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کی منظوری کے بغیر ملازمین کو 20 فیصد الیکشن الائونس دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے ملازمین کو غیر مجاز طور پر رننگ بیسک پے کا 20 فیصد الیکشن الانس دیئے جانے سے متعلق آڈٹ اعتراض کا جائزہ لیا گیا۔آڈٹ حکام نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملازمین کو یکم مارچ 2013 سے رننگ بیسک پے کا 20 فیصد الیکشن الانس ادا کیا، الانس وزیراعظم کی جانب سے منظور شدہ نہیں تھا ،نہ ہی فنانس ڈویژن کے ریگولیشنز ونگ کی جانب سے اس کی توثیق کی گئی۔آڈٹ حکام  کے مطابق معاملہ ابھی سپریم کورٹ کی زیر سماعت ہے، الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ ای سی پی کے فیور میں دیا، ملازمین کو 20 فیصد الائونس مل رہا ہے،  کوئی اسٹے آرڈر سپریم کورٹ کی طرف سے نہیں ہے۔الیکشن کمیشن حکام نے کہا  ملازمین 20 فیصد الائونس لے رہے ہیں،حکام کے مطابق  ہائیکورٹ کے فیصلے اور وزیراعظم کی سمری کے مطابق ملازمین الائونس کے حقدار ہیں