بین اسٹوکس کی ایشیز میں واپسی خارج از امکان نہیں، روب کی کا اشارہ

بین اسٹوکس کی ایشیز میں واپسی خارج از امکان نہیں، روب کی کا اشارہ

انگلینڈ کرکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر روب کی نے سابق ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس کی آئندہ ایشیز سیریز میں ممکنہ واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا جا سکتا۔

روب کی کے مطابق اگرچہ بین اسٹوکس نے گزشتہ ماہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم ان جیسے غیرمعمولی کھلاڑی کے بارے میں کسی بھی امکان کو حتمی طور پر رد نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کچھ بھی ممکن ہے اور کرکٹ میں غیر متوقع فیصلے ہوتے رہتے ہیں۔بین اسٹوکس نے نیوزی لینڈ کے خلاف گزشتہ ماہ کھیلی گئی سیریز کے دوران ذہنی اور جسمانی تھکن کو اپنی ریٹائرمنٹ کی بنیادی وجہ قرار دیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر آئندہ ایشیز سیریز میدان میں کھیلنے کے بجائے شائقین کے درمیان بیٹھ کر دیکھیں گے، تاہم ان کی واپسی سے متعلق قیاس آرائیاں بدستور جاری ہیں۔دوسری جانب آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے بھی اس حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر بین اسٹوکس ایشیز کے لیے ریٹائرمنٹ ختم کر کے دوبارہ میدان میں اترتے ہیں تو یہ کرکٹ کی تاریخ کی بہترین واپسیوں میں سے ایک ہوگی۔

روب کی نے واضح کیا کہ بین اسٹوکس نے اب تک واپسی کا کوئی عندیہ نہیں دیا، تاہم انگلینڈ کرکٹ کے دروازے ان کے لیے بند نہیں ہوئے اور اگر وہ مستقبل میں واپسی کا فیصلہ کرتے ہیں تو اس پر غور کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے انگلینڈ کی قیادت کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہیری بروک کو مستقبل کا بہترین ٹیسٹ کپتان سمجھا جاتا ہے، تاہم فی الحال یہ ذمہ داری جو روٹ کو سونپنا زیادہ مناسب فیصلہ تھا تاکہ بروک مزید تجربہ حاصل کر سکیں۔