پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں یوم پیدائش آج منائی جا رہی ہے

پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں یوم پیدائش آج منائی جا رہی ہے

پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم اور عوامی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے۔

 ذوالفقار علی بھٹو وہ لیڈر تھے جنہوں نے سیاست کو اونچے محلات سے گلی کوچوں تک پہنچایا اور پاکستان کی قومی معیشت میں اہم کردار ادا کیا۔ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928ء کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا اور آکسفورڈ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور وکالت کو پیشہ اختیار کیا۔ بھٹو نے سکندر مرزا کی کابینہ میں حصہ لیا جبکہ ایوب خان کے دور میں وزیر خارجہ بھی بنے۔1967ء میں ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی اور "روٹی، کپڑا اور مکان" کے نعرے کے تحت عوامی اعتماد حاصل کیا۔ ان کے دور اقتدار میں پاکستان کا پہلا متفقہ آئین بنایا گیا، جوہری پروگرام کا آغاز ہوا اور سٹیل مل سمیت کئی قومی پیداواری ادارے قائم ہوئے۔

1977ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات اور ملک میں امن و امان کی صورتحال کو جواز بنا کر جنرل ضیاء الحق نے مارشل لا نافذ کیا اور ذوالفقار علی بھٹو کو مقدمہ قتل میں ملوث قرار دے کر سزائے موت دلوا دی۔ 4 اپریل 1979ء کو انہیں راولپنڈی جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 4 اپریل 1979ء کو ذوالفقار علی بھٹو کو عدالتی حکم پر تختہ دار پر لٹکا کر عوامی سیاست کی بساط لپیٹ دی گئی تھی۔ بھٹو کے حوالے سے دائر صدارتی ریفرنس پر ملک کی سب سے بڑی عدالت نے مقدمے کا جائزہ لیا اور عدالتی عمل کو غیر منصفانہ قرار دیا۔