لاہور(کرائم رپورٹر)ڈولفن اسکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) نے ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کر دی،جس کے مطابق شہر بھر میں مؤثر پٹرولنگ اور کارروائیوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں۔ایس پی ڈولفن اختر نواز کے مطابق ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل اور دو موبائل فون برآمد ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈولفن اسکواڈ نے کارروائیاں کرتے ہوئے تین خطرناک ڈکیت گینگز کو بھی گرفتار کیادورانِ پٹرولنگ 50 اشتہاری ملزمان سمیت مجموعی طور پر 287 عادی مجرمان اور 37 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 11 پستول، درجنوں گولیاں اور میگزینز بھی برآمد کیے گئیترجمان ڈولفن کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 30 لیٹر شراب کے علاوہ چرس، آئس اور ہیروئین برآمد کی گئی۔ اس دوران 98 مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو تھانوں میں بند کیا گیا جبکہ 454 افراد کے خلاف مختلف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں ون ویلنگ میں ملوث 87، پتنگ بازی میں 4 جبکہ ہوائی فائرنگ اور آتش بازی میں ملوث 11 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ مزید برآں کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مختلف واقعات میں 97 سے زائد شہریوں کو ریسکیو کیا گیاایس پی ڈولفن اختر نواز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈولفن اسکواڈ اور پی آر یو شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت پرعزم ہے اور جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی۔