شہری کو گلا دبا کر قتل کرنے والے باپ بیٹے گرفتار

 لاہور(کرائم رپورٹر)جنوبی چھاؤنی کے علاقے نشاط کالونی میں گھریلو تنازعہ کے دوران شہری کو گلا دبا کر قتل کرنے والے باپ بیٹے کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 40 سالہ محمد ارشاد کے نام سے ہوئی ہے۔ایس ایچ او جنوبی چھاؤنی انسپکٹر دانیال یونس نے بتایا کہ ملزم ضمیر الحسن اپنے بیٹے معاویہ کے ہمراہ متوفی کے گھر گیا، جہاں کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق طیش میں آ کر باپ بیٹے نے محمد ارشاد کو گلا دبا کر قتل کر دیاواقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔ ایس پی کینٹ ڈویڑن اخلاق اللہ تارڑ کی ہدایت پر جنوبی چھاؤنی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیاملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔