اسلام آباد: مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کی اہمیت اجاگر ہوئی۔وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے درمیان مصافحہ ہوا اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان صدر کو پاکستان میں سرکاری دورے کے دوران روایتی پروٹوکول فراہم کیا گیا۔استقبالیہ تقریب کا آغاز پاکستان اور مالدیپ کے قومی ترانے بجانے سے ہوا۔ اس کے بعد مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی اور گارڈ آف آنر دیا۔ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے صدر سے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا، جبکہ ڈاکٹر محمد معیزو نے وزیراعظم پاکستان کو اپنے وفد میں شامل ارکان سے متعارف کرایا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔بعد ازاں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا۔ اس موقع پر پاکستان اور مالدیپ کی ترقی، خوشحالی اور دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات میں نئی پیش رفت
مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو 20 سے 22 اکتوبر 2026 تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات 26 جولائی 1966 کو قائم ہوئے تھے۔دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر کے درمیان باضابطہ اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی متوقع ہیں، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، سیاحت، زراعت، دفاع، بحری سلامتی اور ماحولیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط کو فروغ دینے کے لیے پاکستان اور مالدیپ بزنس فورم بھی دورے کے پروگرام کا حصہ ہے، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔