پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے کہا ہے کہ وہ اور ان کے بھائی اپنے والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آنا چاہتے ہیں، لیکن حکومت جان بوجھ کر ویزوں پر کارروائی نہیں کر رہی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں قاسم خان نے بتایا کہ عمران خان گزشتہ 914 دنوں سے تنہائی میں قید ہیں، اور اس دوران ان کی صحت مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں آزاد اور غیر جانبدار طبی سہولیات تک رسائی نہیں دی جا رہی۔قاسم خان نے کہا کہ قیدی کو علاج سے محروم رکھنا ظلم ہے، اور بچوں کو والد سے ملنے سے روکنا اجتماعی سزا کے مترادف ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال ناقابلِ تلافی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔عمران خان کے صاحبزادے نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور مختلف ممالک کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر آواز بلند کریں اور بروقت مداخلت کریں تاکہ عمران خان کو مناسب طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔