گوگل کی وارننگ: دنیا کے 40 فیصد اینڈرائیڈ فونز سائبر خطرات کا شکار

گوگل کی وارننگ: دنیا کے 40 فیصد اینڈرائیڈ فونز سائبر خطرات کا شکار

گوگل نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں استعمال ہونے والے تقریباً 40 فیصد اینڈرائیڈ فونز نئے سائبر حملوں کے خطرے سے دوچار ہیں۔

کمپنی کے مطابق اینڈرائیڈ کے پرانے ورژنز استعمال کرنے والے ڈیوائسز میلویئر اور اسپائی ویئر کے خلاف مؤثر تحفظ حاصل نہیں کر پا رہے۔گوگل نے تازہ اینڈرائیڈ سیکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اینڈرائیڈ 12 اور اس سے پرانے ورژنز کے لیے اب اہم سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم نہیں کی جا رہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ صرف وہ فون محفوظ تصور کیے جا سکتے ہیں جو اینڈرائیڈ 13 یا اس سے جدید ورژن پر چل رہے ہیں، اور ایسے ڈیوائسز کی شرح تقریباً 58 فیصد ہے، جبکہ باقی 40 فیصد سے زیادہ فونز سیکیورٹی سپورٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔

کمپنی کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2025 کے اعداد و شمار میں:

اینڈرائیڈ 16: 7.5 فیصد فونز
اینڈرائیڈ 15: 19.3 فیصد
اینڈرائیڈ 14: 17.9 فیصد
اینڈرائیڈ 13: 13.9 فیصد
یہ چاروں ورژن اس وقت سیکیورٹی اپ ڈیٹس حاصل کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایک ارب سے زائد صارفین ایسے فون استعمال کر رہے ہیں جو نئے سیکیورٹی پیچز سے محروم ہیں، جس کی وجہ سے وہ سائبر خطرات کا زیادہ شکار ہو سکتے ہیں۔دوسری جانب، ایپل کو اپنے صارفین کو iOS 26 پر منتقل کرنے میں کچھ مشکلات پیش آ رہی ہیں، تاہم توقع ہے کہ آئندہ مہینوں میں زیادہ تر آئی فونز اپ ڈیٹ ہو جائیں گے اور سپورٹ سے باہر آئی فونز کی تعداد نسبتاً کم ہے۔ماہرین کا مشورہ ہے کہ اگر کسی صارف کا اینڈرائیڈ فون اینڈرائیڈ 13 یا اس سے جدید ورژن پر اپ ڈیٹ نہیں ہو سکتا تو بہتر سیکیورٹی کے لیے نیا ڈیوائس لینے پر غور کیا جائے۔