حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں کشمیر کی موجودہ صورتحال اور حریت قیادت کو درپیش خطرات پر روشنی ڈالی۔
مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر صرف ایک سیاسی تنازع نہیں بلکہ دنیا کا ایک خطرناک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک اس وقت ڈیتھ سیل میں قید ہیں اور بھارتی حکومت انہیں پھانسی دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ کسی ایک خاندان تک محدود نہیں، بلکہ پوری کشمیری قوم کو خاموش کرانے کی کوشش ہے، جہاں امن اور آزادی کی آواز کو جرم بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ظلم کے سائے میں کیا امن ممکن ہے، اور یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھنا پوری کشمیری قوم کے لیے سزا دینے کے مترادف ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ مودی سرکار کشمیری قیادت کو پھانسی دے کر ان کی آواز دبانا چاہتی ہے۔ویڈیو پیغام میں مشعال حسین ملک نے مزید کہا کہ امن اور آزادی کا مطالبہ کرنا کشمیریوں کے لیے جرم بن چکا ہے، دنیا خاموش ہے اور کشمیر میں دہشت گردی کھلے عام ہو رہی ہے۔ ہر آنسو پر پابندی اور ہر دھڑکن پر خوف مسلط ہے، اور یہ صورتحال کشمیری عوام کے لیے انصاف کے فقدان کو ظاہر کرتی ہے۔