پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت کی مسلسل چیکنگ کی جائے: راؤ عبدالکریم

 ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، فحاشی کسی صورت برداشت نہیں :آئی جی پنجاب
 لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹیول کی آمد کے موقع پر پنجاب پولیس نے سکیورٹی اور قانون پر عملدرآمد کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کر دیا۔ آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بسنت کے محفوظ انعقاد کے لیے حکومتی ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز کی مکمل پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔آئی جی پنجاب کے مطابق صرف رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کو منظور شدہ پتنگیں اور ڈوریں فروخت کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے لاہور پولیس کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت کی مسلسل چیکنگ کی جائے اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔راؤ عبدالکریم نے خبردار کیا کہ بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، فحاشی اور غیر اخلاقی رویوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون فوری حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے جبکہ لاہور میں بھی صرف مخصوص دنوں میں سخت شرائط کے تحت بسنت منانے کی اجازت ہوگی۔پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف  ورزی پر 150 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 157 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 39 ہزار 667 غیر منظور شدہ پتنگیں اور 248 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں کارروائیوں کے دوران غیر قانونی پتنگوں اور ڈوروں کے کاروبار میں ملوث 67 ملزمان کو گرفتار کر کے 7 ہزار سے زائد پتنگیں اور 41 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیںترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال صوبہ بھر میں دھاتی ڈور اور غیر قانونی پتنگوں کے کاروبار میں ملوث 3998 ملزمان گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد پتنگیں اور 7374 ڈور چرخیاں برآمد کی جا چکی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے بسنت کے دوران خصوصی نگرانی، گشت اور چیکنگ کا عمل مزید سخت کیا جا رہا ہے۔