ڈولفن اور موبائلز سکواڈ نے350پتنگیں،368چرخیاں برآمد کرلیں
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ اور موبائلز سکواڈ نے شہر بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران غیر قانونی طور پر پتنگیں اور قاتل دھاتی ڈور فروخت کرنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں پتنگیں، خطرناک کیمیکل اور دھاتی ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں۔ایس پی ڈولفن اختر نواز نے بتایا کہ قاتل دھاتی ڈور، کیمیکل، تندی اور مانجھے والی ڈور کی فروخت قانوناً جرم ہے، جس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ہدایات کے برعکس پتنگ ڈیلرز اور فروشوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈولفن اور موبائلز سکواڈ نے مجموعی طور پر 350 سے زائد پتنگیں اور 368 سے زائد خطرناک کیمیکل و دھاتی ڈور کی چرخیاں برآمد کیں۔ پتنگ بازی کے حوالے سے حکومتی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے لاہور کے داخلی و خارجی راستوں اور مختلف ناکہ جات پر بھی کارروائیاں کی گئیں۔