مکہ مکرمہ(آئی این پی )مکہ مکرمہ کے حرا ثقافتی محلہ میں واقع قرآن کریم میوزیم میں نویں صدی ہجری سے تعلق رکھنے والے قرآن مجید کے ایک نایاب پارے کو نمائش کے لئے پیش کر دیا گیا ۔یہ تاریخی قرآنی پارہ مصحف شریف کے پچیسویں پارے پر مشتمل ہے اور پندرہویں صدی عیسوی میں تحریر کیا گیا تھا۔عرب میڈیا کے مطابق، یہ نادر قرآنی نسخہ بلادِ شام میں نفیس خطِ نسخ میں تحریر کیا گیا ہے، جس پر باریک اور دیدہ زیب نقش و نگار کے ساتھ شاندار زریں آرائش کی گئی ہے۔ اس مخطوطے کی خاص بات یہ ہے کہ لفظ جلالہ کو سونے کے پانی سے تحریر کیا گیا ہے، جو اسلامی خطاطی میں قرآن کریم کے تقدس اور احترام کی اعلی مثال ہے۔یہ تاریخی پارہ قرآن کریم کو پاروں کی صورت میں ترتیب دینے کی قدیم روایت کی نمائندگی کرتا ہے، جو مسلمانوں کی جانب سے قرآن کریم کی حفاظت اور تدوین کیلئے اختیار کی گئی حکمت عملیوں کو ظاہر کرتا ہے۔یہ نایاب قرآنی پارہ مرکزِ شاہ فیصل برائے تحقیق اور اسلامی مطالعات کے ذخیرے سے تعلق رکھتا ہے، جسے ثقافتی اشتراک کے تحت قرآن کریم میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔ اس نمائش کا مقصد قیمتی قرآنی مخطوطات کو عام زائرین کے سامنے لانا اور انہیں اسلامی خطاطی اور تذہیب کے اعلی فن سے روشناس کرانا ہے