طارق محمود کی نشاندہی پر 350 ، بروکر منشا سے 175 بوریاں گندم بر آمد کی گئیں
گینگ سرکاری گندم میں مٹی ملانے ، 12 ہزار بوریاں چوری کرنے میں ملوث :حکام
فیصل آباد (خصوصی رپورٹ)فیصل آباد میں ایف آئی اے نے پاسکو گندم سکینڈل میں ملوث زونل ہیڈ سمیت مزید 2 ملزم گرفتار لئے اوران کی نشاندہی پر مسروقہ گندم کی 525 بوریاں برآمد کرلیں ، 4 ملزم پہلے ہی گرفتار ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی ٹیم نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر پاسکو ساہیوال کے زونل ہیڈ طارق محمود اور پرائیویٹ بروکر محمد منشا کو گرفتار کر لیا، ملزم طارق کی نشاندہی پر پرائیویٹ گودام سے مسروقہ 350 بوری گندم برآمد کی گئی جبکہ ملزم منشا سے مسروقہ 175 بوری گندم اور 125 خالی تھیلے بھی برآمد کر لئے گئے۔ایف آئی اے پاسکو تاندلیانوالا میں گندم چوری کیس میں پہلے ہی اسسٹنٹ پرچیز انسپکٹر سمیت 4 ملزموں کو گرفتار کر چکی ہے، دیگر ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے کہا ہے کہ گینگ سرکاری گندم میں مٹی ملانے اور کروڑوں روپے مالیت کی 12 ہزار بوری گندم چوری میں ملوث ہے۔