پاکستان غزہ کے نام نہاد بورڈ آف پیس میں شمولیت کا فیصلہ واپس لے اپوزیشن اتحاد

گلوبل ساؤتھ کے ممالک پر مشتمل  ایسے بلاک کی تشکیل کی حمایت کرنی چاہیے جو فلسطین کیلئے آزادی اور انصاف کے مقدمے کی قیادت کرے
 ایسی خارجہ پالیسی بنائی جائے جو باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہو‘خطے میں جنگ اور تقسیم مسلط کرنے کو مسترد کرتے ہیں :کانفرنس کا اعلامیہ
لاہور(خصوصی رپورٹر)اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے  نام نہاد بورڈ آف غزہ سے اپنی شمولیت فی الفور واپس لینی چاہیے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان نے غزہ کے معاملے پر کانفرنس کا اعلامیہ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے  حکومت پاکستان کو امریکی سامراج  اور ٹرمپ حکومت کے تناظر میں اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی حمایت کے لیے پارلیمان، قومی اور جمہوری سیاسی جماعتوں اور تحریکوں کو بحث کا حصہ بنائے۔ پاکستان کو گلوبل ساؤتھ کے ممالک پر مشتمل ایک ایسے بلاک کی تشکیل کی حمایت کرنی چاہیے جو عالمی سطح پر فلسطین کے لیے آزادی اور انصاف کے مقدمے کی قیادت کرے۔اپوزیشن اتحاد نے کہا کہ ایک ایسی خارجہ پالیسی بنائی جائے جو باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہو، ہم ایران کے خلاف ٹرمپ کی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہیں اور سامراجی طاقتوں کی جانب سے خود مختار ممالک کے اندرونی معاملات میں ہر قسم کی مداخلت کو مسترد کرتے ہیں۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ ہم وینزویلا، کیوبا، کولمبیا سمیت لاطینی امریکا اور افریقہ کے دیگر تمام مالک کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہیں جنہیں امریکی جارحیت کا سامنا ہے۔