معاہدہ مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا ‘حماس کے غیر مسلح ہونے کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسرائیلی افواج غزہ سے انخلا کریں گی
بین الاقوامی استحکام فورس نئی فلسطینی پولیس کے ساتھ مل کر غزہ میں امن و امان کی ذمہ داری سنبھالے گی:امریکی صدر کا بیان
واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے بورڈ آف پیس نے غزہ میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ کرلیا۔ صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ ہوگیا ہے، جیسے ہی غزہ کو غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہوگا، اسرائیلی افواج واپس چلی جائیں گی۔ٹرمپ نے کہا معاہدہ غزہ میں نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی جانب اہم قدم ہے، معاہدہ مرحلہ وار اور منظم طریقے سے نافذ کیا جائے گا۔امریکی صدر نے کہا ساتھ ہی اسرائیل کو بھی وہ سکیورٹی فراہم کی جائے گی جس کا وہ مطالبہ کرتا ہے، تاکہ غزہ کو مستقبل میں حملوں کے اڈے کے طور پر استعمال نہ کیا جا سکے۔ امریکی صدر نے کہا کہ یہ معاہدہ میرے 20 نکاتی منصوبے پر عمل درآمد کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس پر مرحلہ وار عمل کیا جائے گا، اور جیسے جیسے غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہوگا، اسرائیلی افواج غزہ سے انخلا کریں گی، جبکہ بین الاقوامی استحکام فورس نئی فلسطینی پولیس کے ساتھ مل کر غزہ میں امن و امان کی ذمہ داری سنبھالے گی۔