لاہور:جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین کو یرغمال بنانے کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے ایک بیان میں کہا کہ یرغمالیوں کی فوری اور باحفاظت واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے بار بار حالات کی سنگینی کی نشاندہی کی تھی، مگر حکمران طبقہ سنجیدگی اختیار کرنے کے بجائے صرف بڑھکیں مارتا رہا ہے۔انہوں نے بلوچستان کے عوام کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا ضروری ہے تاکہ احساس محرومی کا خاتمہ کیا جا سکے۔حافظ نعیم الرحمن نے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مؤثر قومی لائحہ عمل تشکیل دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا، کیونکہ اسی طرح دہشت گردی کے خاتمے کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔