وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ 5 جنوری اقوام متحدہ کی وہ تاریخی یاد دہانی ہے جب کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔محسن نقوی نے کہا کہ 77 سال گزرنے کے باوجود کشمیری عوام کو ان کا جائز حق نہیں دیا گیا، جو بدترین ظلم اور ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک متنازع خطہ ہے اور سات دہائیوں سے حل طلب عالمی مسئلہ ہے، اور کشمیری عوام عالمی وعدے کی تکمیل کے لیے اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارتی مظالم نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں آزادی سلب ہے اور طاقت کے زور پر حق خودارادیت کو کچلنے کی بھارتی کوششیں عالمی قوانین اور جمہوری اصولوں کی نفی ہیں۔ انہوں نے بھارتی مظالم پر اقوام عالم کی دوغلی پالیسی اور مجرمانہ خاموشی کو بھی واضح طور پر تنقید کا نشانہ بنایا۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے اصولی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر حامی رہا ہے اور آئندہ بھی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔