امریکا کے شہر پام کوسٹ میں حکام ایک پراسرار واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں جس میں برف کا ایک بڑا ٹکڑا ایک گھر کی چھت پر گرنے کے بعد چھت میں سوراخ کر گیا۔
یہ واقعہ صبح کے وقت پیش آیا جب فائر ڈپارٹمنٹ کو ہنگامی کال موصول ہوئی۔ کال کرنے والے نے سڑک پر برف کے متعدد ٹکڑوں کی موجودگی کی اطلاع دی اور ساتھ ہی اپنے پڑوسی کے گھر کی چھت میں نقصانات کی اطلاع بھی دی۔فائر فائٹرز جب موقع پر پہنچے تو انہوں نے پایا کہ برف کا ٹکڑا دھاتی چھت میں ایک بڑا سوراخ کر کے گھر کے اندر جا گرا تھا۔ برف کا ٹکڑا گرنے سے گھر میں قابلِ ذکر نقصان ہوا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پام کوسٹ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ نے فوراً اس مکان کا معائنہ کیا اور یہ فیصلہ کیا کہ گھر ابھی بھی قابلِ رہائش ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ نے اس واقعے کی رپورٹ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کو بھیج دی ہے، تاکہ اس معاملے کی مزید تحقیقات کی جا سکیں۔ حکام اس پراسرار برف کے ٹکڑے کی اصل وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس بات کا تعین کیا جا رہا ہے کہ آیا یہ برف کسی فضائی جہاز سے گر کر آئی یا کسی اور وجہ سے حادثہ پیش آیا۔