بحیرۂ ایجیئن میں ایک المناک واقعے میں یونانی کوسٹ گارڈ کی کشتی اور تارکینِ وطن کی کشتی میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے۔
یونانی حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تارکینِ وطن کی کشتی اچانک رخ موڑتے ہوئے کوسٹ گارڈ کی کشتی سے ٹکرائی۔ اس ٹکر کے باعث تارکینِ وطن کی کشتی الٹ گئی اور وہ ڈوب گئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق سمندر سے 14 لاشیں نکالی گئی ہیں جن میں 3 خواتین شامل تھیں۔ ایک خاتون کو زندہ حالت میں نکالا گیا تھا، تاہم شدید زخمی ہونے کی وجہ سے وہ بھی بعد میں دم توڑ گئی۔حادثے میں 11 بچے بھی موجود تھے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق اس حادثے میں 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم کشتی میں موجود کل افراد کی تعداد ابھی معلوم نہیں ہو سکی اور مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔یہ واقعہ تارکینِ وطن کی غیر قانونی نقل و حمل اور سمندری سیکیورٹی کے خطرات کی نشاندہی کرتا ہے، خاص طور پر ان راستوں پر جہاں شدید سمندری حالات اور محدود نگرانی ہوتی ہے۔