چینی ، کوکنگ آئل کی قیمتیں بے لگام

 رمضان سے قبل ذخیرہ مافیا سرگرم، ایک ماہ میں چینی 26روپے کلو مہنگی ہوچکی،کوکنگ آئل دنیا میں سستا پاکستان میں مہنگا 
 لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) رمضان سے قبل ہی چینی کی قیمت ڈبل سینچری کے قریب پہنچ گئی اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت بے قابو ہو گئی، دکانداروں نے من مانی قیمت پر چینی کی فروخت شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک سے قبل ہی پنجاب کے مختلف شہروں میں اشیا خوردونوش کے دام بڑھنے لگے، چینی کی قیمتیں پھر آسمان سے چھونے لگیں، جبکہ اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں یومیہ اضافہ ہونے لگا۔ دکانداروں نے من مانے ریٹ مقرر کر دیئے ہیں۔ جبکہ آنے والوں دنوں میں خاص کر رمضان المبارک کے دوران چینی کی قیمت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد کراچی کے جوڑیا ہول سیل مارکیٹ کے تاجروں نے چینی کی ایکسپورٹ پر پابندی کا مطالبہ کردیا ہے۔چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن عبدالرئوف ابراہیم نے کہا کہ حکومت تین ماہ کے لیے چینی کی ایکسپورٹ پر فوری طور پر پابندی عائد کرے، کراچی کے ہول سیل بازار میں چینی کی قیمت 150 روپے تک پہنچ گئی ہے۔مارکیٹ میں ذخیرہ مافیا سرگرم مارچ کے ایڈوانس سودے میں بھی سٹہ بازی عروج پر پہنچ گئی ہے۔عبدالرئوف ابراہیم نے کہا کہ چینی کے مارچ کے ایڈوانس سودے 152 روپے فی کلوتک پہنچ گئے، جبکہ ریٹیل کی سطح پر چینی کی قیمتیں مکمل طور پر بے لگام ہوگئی ہے، چینی 160روپے فی کلوتک فروخت جا رہی ہے۔، ملک بھر میں چینی کی ماہانہ کھپت ساڑھے پانچ لاکھ ٹن ہے، ماہ رمضان میں یہ کھپت دگنی 10لاکھ ٹن پہنچ جاتی ہے۔عبدالرئوف ابراہیم کا نے کہا کہ دسمبر سے چینی کی قیمتوں میں 26 روپے فی کلو کا اضافہ ہوچکا ہے، گزشتہ سال بھی منافع خوروں نے چینی کی قیمت 180 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی تھی۔انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ چینی کی ایکسپورٹ جاری رہی تو ماہ مضان میں چینی کی قیمت میں بڑا اضافہ ہو جائے گا رمضان المبارک سے قبل عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور تحفہ، عالمی مارکیٹ میں کھانا پکانے والا تیل سستا ہونے کے باوجود پاکستان میں خوردنی تین مہنگا ہو جانے کا انکشاف، رمضان میں قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق ووزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے حالیہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ارکان نے چینی، کوکنگ آئل اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خوراک و غذائی تحفظ سے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔اجلاس کے دوران اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت خوراک سے چینی، کوکنگ آئل اور دالوں کے ذخائر کی رپورٹ بھی مانگ لی۔ اجلاس کے دوران انکشاف ہوا کہ عالمی مارکیٹ میں کھانا پکانے والے تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی تاہم پاکستان میں کھانا پکانے والا تیل مہنگا ہو گیا ہے۔