پٹرول، ڈیزل ، ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ ،ایک ہفتہ میں چینی ، گھی ، کوکنگ آئل ، چاول مہنگے

 دعویٰ ٹھس ،مہنگائی کا تگڑا جھٹکا 
 ایک روپے اضافے سے پٹرول 257.13 کالٹر ہو گیا ، ڈیزل 7روپے لٹر مہنگا ، قیمتوں کا فوری اطلاق ،فروری کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 3روپے 68پیسے فی کلو کا اضافہ ، ہفتے میں 16 اشیا سستی بھی ہوئیں 
اسلام آباد( کرائم رپورٹر)مہنگائی پھر سر اٹھانے لگی ، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 257 روپے 13 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 267 روپے 95 پیسے فی لٹر ہوگئی، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا۔واضح رہے کہ 15 جنوری کو حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں3 روپے 47 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 61 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔اوگرا نے ماہ فروری کے لئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ماہ فروری کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو 3 روپے 68 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے، اضافے سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت 253 روپے 97 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ گھریلو سلنڈر43 روپے 52 پیسے مہنگا ہوگیا اور 11.8 کلو کے گھریلو سلنڈرکی قیمت 2996 روپے 88 پیسے ہوگئی ہے۔ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر0.36فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان ادارہ برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 30 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 319.06 پوائنٹس ریکار ڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.36فیصد کم ہے۔ 23 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 320.21پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ 16 کی قیمتوں میں کمی اور26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔اس کے برعکس 9 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ٹماٹر کی قیمت میں 16.18 فیصد، پیاز 12.32 فیصد، آلو 7.66 فیصد، انڈے 5.09 فیصد، دال چنا 3.67 فیصد، ایل پی جی 3.21 فیصد، دال مسور 1.32 فیصد، سب سے کم آمدنی والے گروپ کیلئے بجلی کی قیمت 0.99 فیصد، آٹا 0.95 فیصد، لہسن 0.41 فیصد اور جلانے کی لکڑی کی قیمت میں 0.27 فیصد کی کمی ہوئی۔ اس کے برعکس کیلے کی قیمت میں 4.60 فیصد، چینی 3.39 فیصد، چکن 0.93 فیصد، باسمتی چاول 0.70 فیصد، پانچ لٹر کوکنگ آئل 0.40 فیصد، بناسپتی گھی ایک کلو 0.32 فیصد، بیف 0.28 فیصد اور اڑھائی کلو بناسپتی گھی کی قیمت میں 0.26 فیصد کا اضافہ ہوا۔