جیلوں کو سولر پر منتقل کرنے کی تیاری

لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب کی جیلوں کو برقی توانائی کی فراہمی کے لیے بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے اعلان کیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کی جیلوں کو سولر توانائی پر منتقل کیا جائے گااس منصوبے کے تحت، تمام جیلوں میں سولر سسٹمز کی تنصیب کی جائے گی جس پر 4.5 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے مزید بتایا کہ سولر سسٹم رواں مالی سال کے دوران مکمل کر لیے جائیں گے اور آپریشنل کر دیے جائیں گے۔ پنجاب بھر کی جیلوں میں سالانہ بجلی کے بلوں کی مد میں 2.5 کروڑ روپے کے اخراجات آ رہے ہیں تاہم سولر سسٹم کی تنصیب سے ایک سے ڈیڑھ سال کے اندر یہ اخراجات پورے ہو جائیں گے۔دو سال قبل انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تین جیلوں میں سولر سسٹم نصب کیا گیا تھا، جس سے ان جیلوں کے بجلی کے بل تقریباً صفر ہو گئے اور کروڑوں روپے کی بچت ہوئی۔