پنجاب: جیلوں کی سولر انرجی پر منتقلی کاحتمی پلان وزیراعلیٰ کی منظوری کے لیے پیش

سالانہ بل ساڑھے چارارب ، 4ارب 35کروڑ کی لاگت سے شمسی توانائی پر منتقل کیا جاسکتا ہے،این آر ٹی سی 
  لاہور(آئی این پی )حکومت پنجاب نے صوبے بھر کی 43 جیلوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔محکمہ داخلہ پنجاب نے حتمی پلان وزیراعلیٰ مریم نواز کی منظوری کے لیے پیش کر دیا۔اس حوالے سے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن کی مدد سے تمام جیلوں کا ابتدائی سروے بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔سروے کے دوران جیلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے لاگت کا تخمینہ بھی لگایا گیا ، جس کے مطابق پنجاب کی 43جیلوں میں بجلی اور گیس کا سالانہ بل ساڑھے 4ارب تک پہنچ چکا ہے، تمام جیلوں کی مکمل طور پر شمسی توانائی پر منتقلی کی کل لاگت ایک سال کے بلوں سے بھی کم ہے۔این آر ٹی سی کے مطابق پنجاب کی تمام جیلوں کو 4ارب 35کروڑ کی لاگت سے شمسی توانائی پر منتقل کیا جاسکتا ہے ۔ گرین انرجی کے مجوزہ حل پر مرحلہ وار عملدرآمد سے بجلی کے بلوں میں 60فیصد کمی آئے گی اور شمسی توانائی پر منتقلی سے 3سالوں میں تمام سرمایہ کاری کی واپسی کے ساتھ طویل مدتی مالی ریلیف ملے گا اور پنجاب کی جیلیں توانائی میں خود کفیل ہوں گی، جس سے خزانے پر بوجھ کم ہوگا۔