پاکستان کو پستی سے نکال کر ٹھہراؤ کی طرف گامزن کیا گیا ہے:نواز شریف

پاکستان کو پستی سے نکال کر ٹھہراؤ کی طرف گامزن کیا گیا ہے:نواز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو پستی کی طرف دھکیل دیا گیا تھا، لیکن اب اس میں جو ٹھہراؤ آیا ہے، وہ خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں گوجرانوالہ، نارووال اور سیالکوٹ کے اراکین اسمبلی شامل تھے، جہاں ملکی صورتحال اور پنجاب میں عوامی خدمت کے منصوبوں پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔نواز شریف نے اس موقع پر مہنگائی کی رفتار میں کمی کو معاشی بہتری کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کی بلندی اور سرمایہ کار برادری کا اعتماد ترقی کی طرف مثبت اشارے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی محنت کی تعریف کی اور مریم نواز کے پنجاب میں عوامی خدمت کے حوالے سے کام کو سراہا۔

ارکان پنجاب اسمبلی نے مریم نواز کی کامیاب قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک لائق اور بہادر رہنما ہیں، اور ان کی محنت اور عزم کے باعث عوام کے درمیان پذیرائی حاصل کر رہی ہیں۔ مریم نواز نے اس اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذمہ داری نواز شریف کی بیٹی ہونے کی حیثیت سے بڑھ گئی ہے اور وہ شہباز شریف کی عوامی خدمت کی روایت کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف، سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی موجود تھے۔