کشمیری مظلوم عوام پاکستان کی جا نب دیکھ رہے ہیں، کوئی قابل عمل حل متعارف کرایا جائے،قائد ملت جعفریہ
راولپنڈی /اسلام آباد(آئی این پی) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیر صرف بیانات سے نہیں عملی اقدامات سے حل ہوگا، جنگ کے سوا دیگر قابل عمل و قابل حل آپشنز پر غور کیا جائے، کشمیری قیادت، قومی طبقات اور سٹیک ہولڈرز میں سے قابل افراد مل بیٹھ کر متفقہ لائحہ عمل مرتب کریں تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب بڑھنے کے ساتھ مظلوم عوام کی ڈھارس بندھائی جاسکے، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا خطے میںمستقل امن کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوگا، متفقہ قراردادوں کے باوجود اقوام متحدہ مسلسل معنی خیز خاموشی اور بے حسی کا مرتکب ہورہاہے، افسوس! اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور او آئی سی کا کردار ان کی بے حسی کے باعث قابل ذکر تک نہ رہا ، اظہار یکجہتی ریلیوں میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ ریاستی جبر و ظلم کا کونسا حربہ ہے جو ان مظلوم عوام پر نہ آزمایاگیا ہو مگر آج بھی کشمیر سے آزادی کی صدائیں بلند ہورہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ ماسوائے جنگ کے ایسا قابل قبول لائحہ عمل وضع کیاجائے تاکہ مسئلہ کشمیر حل ہو اور کشمیری عوام کو بھی اپنی سرزمین پر آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہو۔