ملکی اے آئی پالیسی کا ڈرافٹ تیار ،منظوری کیلئے کابینہ کو بھجوا دیا جائے گا،سیکرٹری وزرات کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ
اسلام آباد (آئی این پی ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی میں وزارت نے خوشخبری دی ہے کہ رواں سال جون تک ایلون مسک کی کمپنی سٹار لنک کی انٹرنیٹ سروسز یہاں دستیاب ہوں گی ۔وزارت نے بتایا ہے کہ ملک کی اے آئی پالیسی کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے، جسے فروری کے آخر میں منظوری کیلئے کابینہ کو بھجوا دیا جائے گا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کا اجلاس امین الحق کی زیر صدارت ہوا، جس میں مالی سال 2024-25کے لیے وزارت آئی ٹی کے پی ایس ڈی پی فنڈ سے متعلق ایجنڈا زیر بحث آیا۔ پارلیمانی سیکرٹری نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ سٹار لنک کے ساتھ معاملات تقریبا حتمی مرحلے پر پہنچ چکے ہیں، رواں سال جون تک سٹار لنک کی سروسز یہاں دستیاب ہوں گی۔اجلاس میں قائمہ کمیٹی کے اراکین نے ملک میں انٹرنیٹ مسائل پر برہمی کا اظہار کیا۔چیئرمین پی ٹی اے نے جواب میں کہا کہ جہاں بزنس نہیں ہوتا وہاں کمپنیاں جانے سے گریزاں ہیں، ہم کمپنیوں کو کچھ جگہوں پر پابند کرتے ہیں کہ ٹاور لگائیں۔شیر علی ارباب نے کہا فائیو جی چلنا تو محال میرا فون دو دن سے صرف ای پر چل رہا ہے، چیئرمین پی ٹی اے نے کہا 6 سال میں پی ٹی اے نے حکومت کو 1700ارب کا ریونیو دیا، لیکن ٹیلی کام سیکٹر میں ایک پیسا بھی نہیں لگایا گیا۔۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آبادی 25کروڑ تک پہنچ چکی ہے اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر وہیں پر ہے، پی ٹی اے کمپنیوں کو ہدایت کرے کہ انفراسٹرکچر بہتر کرے، ٹیلی کام کمپنیوں کو کہیں انٹرنیٹ نہ ہونے سے طلبہ کا حرج ہو رہا ہے، سٹار لنک والا معاملہ ہو جائے تو بہت بہتر ہے۔چیئرمین پی ٹی اے نے کہا 2024 میں 2 ہزار ٹیلی کام ٹاورز لگائے گئے، بونیر اور اس کے مضافات میں ٹاور تنصیب کے احکامات جاری کیے ہیں، سٹار لنک، سپیس ریگولیٹری باڈی کے درمیان 90فی صد بات ہو گئی۔قائمہ کمیٹی آئی ٹی نے سفارش کی کہ سٹار لنک کے ساتھ معاملات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔