پاکستان اور جاپان کے تعلقات کی تاریخی حیثیت ہے: چیئرمین سینیٹ

دونوں ملکوں میں روابط بڑھانے اور دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، یوسف رضا گیلانی
    اسلام آباد(یواین پی)چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں جاپان کے سفیر اکامٹسو سوئچی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ دو طرفہ تعاون اور رابطہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی ایک تاریخی حیثیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، اور جاپان نے پاکستان کو سیلاب اور قدرتی آفات کے دوران مدد فراہم کی، جس کے لیے پاکستان شکر گزار ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وہ دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے جاپان کی تعلیم اور فلاحی کاموں میں مسلسل حمایت کو قابل تعریف قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات 1952 میں قائم ہوئے تھے اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے آئے ہیں۔ چیئرمین سینٹ نے اپنے وزیراعظم کے دور میں جاپان کی قیادت کے ساتھ وقتاً فوقتاً ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور عوامی سطح پر روابط کو بڑھانا انتہائی اہم ہے۔ پاکستان جاپان فرینڈ شپ فورم کی 2018 میں بنیاد رکھنے کو ایک اچھا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فورم نے عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں مدد کی۔سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا، جس سے عوامی رابطہ کاری کو تقویت ملے گی۔