مراکش کشتی حادثہ :13لاشوں کی شناخت مکمل، تعلق پاکستان سے نکلا

 مقامی حکام کو صرف 13لاشیں ہی ملیں،شناخت کے عمل کے دوران تعلق پاکستان سے ثابت ہوا، سفارتی ذرائع 
اسلام آباد(آئی این پی) مراکش کشتی حادثے میں ملنے والی 13لاشوں کی شناخت کا عمل مکمل کرلیا گیا ۔سفارتی ذرائع کے مطابق مقامی حکام کو صرف 13لاشیں ہی ملیں اور 13لاشوں کی شناخت کے عمل کے دوران ان کا تعلق پاکستان سے ثابت ہوا۔ مراکش میں پاکستانی سفارت خانے کے ذرائع نے بتایا کہ میتوں کی شناخت کے لیے نادرا کی خدمات بھی حاصل کی گئیں، فنگر پرنٹس اور تصاویر نادرا کو بھجوائی گئی تھیں، نادرا کی جانب سے تصدیقی عمل مکمل ہونے پر فہرستیں بنائی گئیں۔ذرائع کے مطابق ملنے والی 13 لاشیں ناقابل شناخت اور بغیر دستاویز تھیں، اب جلد ان 13 پاکستانیوں کی لاشوں کی وطن واپسی کاعمل شروع کیاجائے گا، شناخت شدہ لاشوں کی فہرست وزارت خارجہ کو بھجوا دی جائے گی جس کے بعد لاشوں کی واپسی کا عمل بھی شروع کردیا جائے گا۔مراکش کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے جن پاکستانیوںمیں سفیان علی ولد جاوید اقبال، سجاد علی ولد محمد نواز ،رئیس افضل ولد محمد افضل ، قصنین حیدر ولد محمد بنارس، محمد وقاص ولد ثناء اللہ، محمد اکرم ولد غلام رسول، محمد ارسلان خان ولد رمضان خان، حامد شبیر ولد غلام شبیر، قیصر اقبال ولد محمد اقبال، دانش رحمان ولد محمد نواز، محمد سجاول ولد رحیم دین، شہزاد احمد ولد ولایت حسین، احتشام ولد طارق محمود شامل ہیں ۔