فیفا کے عالمی چیمپئن اور ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے فیفا ورلڈکپ 2026 میں شرکت کے حوالے سے ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔
شائقینِ فٹبال کی نظریں اس سوال پر مرکوز ہیں کہ آیا 38 سالہ لیجنڈ اگلے ورلڈکپ میں ایک بار پھر میدان میں اتریں گے یا نہیں۔حالیہ انٹرویو میں میسی نے بتایا کہ اگرچہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ورلڈکپ 2026 میں اپنی ٹیم کے ساتھ ہوں، لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ وہ شرکت نہ کر سکیں۔ان کا کہنا تھا:"میں امید کرتا ہوں کہ میں وہاں ہوں۔ بدترین صورت میں بھی، چاہے میں میچ نہ کھیل سکوں، میں ورلڈکپ کو لائیو دیکھنے ضرور آؤں گا۔ یہ لمحہ میرے لیے خاص ہوگا۔"میسی نے واضح کیا کہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ ان کی جسمانی فٹنس پر منحصر ہوگا۔ اگر وہ محسوس کریں کہ ان کی جسمانی صلاحیتیں اعلیٰ سطح پر برقرار ہیں تو وہ کھیلنے کے لیے تیار ہوں گے، تاہم انہوں نے فیصلہ دینے میں محتاط رویہ اختیار کیا اور قطعی جواب نہیں دیا۔
میسی کی جانب سے بار بار آنے والے ایسے بیانات شائقین کے تجسس میں اضافہ کر دیتے ہیں۔ فٹبال تجزیہ کاروں کے مطابق میسی کی فٹنس اور فارم اب بھی متاثر کن ہے، لیکن 2026 تک ان کی جسمانی حالت کیا ہوگی، اس پر کوئی رائے قائم کرنا قبل از وقت ہے۔اگر میسی 2026 ورلڈکپ کھیلتے ہیں تو یہ ان کا چھٹا ورلڈکپ ہوگا—جو انہیں تاریخ کے چند منتخب کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر دے گا۔ اور اگر وہ صرف تماشائی کے طور پر شریک ہوتے ہیں، تب بھی ان کی موجودگی ورلڈکپ کے لیے ایک بڑا اعزاز ہوگی۔