فیفا ورلڈکپ 2026 کے دوران سیکیورٹی خطرات سے متعلق ایک مبینہ لیک پولیس ڈوزیئر نے دنیائے فٹبال میں تشویش پیدا کردی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں منعقد ہونے والے ورلڈکپ کے دوران کئی معروف کھلاڑیوں، ریفریز اور ٹیموں کو مختلف نوعیت کی دھمکیوں کا سامنا رہا۔مبینہ پولیس ڈوزیئر کے مطابق ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی کو ایک سے زائد مرتبہ نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی گئیں۔ اردن کے خلاف میچ سے قبل مبینہ طور پر ایک شخص نے ڈیلاس ایئرپورٹ پر کال کرکے اسٹیڈیم میں حملے کی دھمکی دی، جبکہ میسی کو بھی خصوصی طور پر نشانہ بنانے کا ذکر کیا گیا۔مصر کے خلاف میچ سے قبل بھی سوشل میڈیا پر میسی کو بم حملے کا نشانہ بنانے کی دھمکی سامنے آئی۔ اسی میچ کے دوران اسٹیڈیم کے کچرے کے ڈبوں میں مبینہ طور پر بم موجود ہونے کی اطلاع پر بم ڈسپوزل ماہرین اور تربیت یافتہ کتوں کے ذریعے سرچ آپریشن کیا گیا، تاہم کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔دوسری جانب پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو بھی سیکیورٹی خدشات کی زد میں رہے۔ رپورٹ کے مطابق ان کی رہائش گاہ سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ ایک مشکوک شخص مبینہ طور پر مداح بن کر ان کے ہوٹل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔ارجنٹائن اور مصر کے میچ کے بعد فرانسیسی ریفری فرانسوا لیٹیکسیئر کو بھی بڑی تعداد میں دھمکی آمیز پیغامات موصول ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ ناروے کے الیگزینڈر سورلوتھ اور کولمبیا کے جے ہون کیمپاز کو اہم مواقع ضائع کرنے کے بعد مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ادھر ورلڈکپ کے دوران سیکیورٹی انتظامات بھی انتہائی سخت رکھے گئے۔ امریکی حکام نے اسٹیڈیمز اور دیگر مقامات پر متعدد حفاظتی اقدامات کیے، جن میں ڈرونز کے خلاف خصوصی انتظامات اور فضائی حدود پر پابندیاں بھی شامل تھیں۔ امریکی حکام کے مطابق ورلڈکپ کے دوران سیکیورٹی آپریشنز میں وفاقی، ریاستی اور مقامی اداروں نے مل کر کام کیا۔مبینہ ڈوزیئر میں سامنے آنے والے واقعات نے ورلڈکپ کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کی سیکیورٹی کے لیے درپیش خطرات کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے، تاہم متعدد دھمکیوں کے باوجود بڑے پیمانے پر کوئی سنگین سیکیورٹی واقعہ پیش نہیں آیا۔ ایف بی آئی کے مطابق سان فرانسسکو میں ورلڈکپ کے سیکیورٹی آپریشنز کامیابی سے مکمل ہوئے اور کوئی بڑا سیکیورٹی واقعہ میچز یا فین ایونٹس کو متاثر نہیں کرسکا۔