پاکستانی اوپنر فخر زمان کو حالیہ سہ ملکی سیریز کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق، فخر زمان کو میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے، جو کہ ان کا گزشتہ 24 ماہ میں پہلا ایسا جرم ہے۔یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 19ویں اوور میں پیش آیا، جب فخر زمان امپائروں سے آؤٹ نہ دینے کے فیصلے پر طویل بحث کرتے نظر آئے۔اس رویے کو آئی سی سی کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی قرار دیا گیا، جو امپائر کے فیصلے پر ناراضگی یا اختلاف ظاہر کرنے سے متعلق ہے۔اس خلاف ورزی پر جرمانے کی سفارش آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کے ریون کنگ نے کی، جب کہ امپائرز احسن رضا، آصف یعقوب، راشد ریاض اور فیصل آفریدی نے فخر زمان کے خلاف چارج لگایا۔
فخر زمان نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے سزا قبول کی، اس لیے باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔یاد رہے کہ آئی سی سی کے لیول 1 جرائم میں سرزنش سے لے کر میچ فیس کا 50 فیصد تک جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس شامل ہو سکتے ہیں۔