ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان کو بنگلہ دیش کے خلاف اہم میچ سے قبل مکمل فٹ قرار دے دیا گیا ہے۔
ابوظہبی میں سری لنکا کے خلاف بیٹنگ کے دوران فخر زمان کو فاسٹ بولر دشمناتھا چمیرا کی گیند ہیلمٹ پر لگی تھی، جس کے بعد انہیں فوری طبی امداد دی گئی اور پھر وہ میدان میں واپس آکر 19 گیندوں پر 17 رنز بنا سکے۔ابتدائی طور پر انہیں میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں رکھا گیا تاہم سر میں کسی قسم کی تکلیف محسوس نہ کرنے پر ڈاکٹرز نے مزید معائنے کے بعد انہیں کلیئر کردیا۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق، سر پر گیند لگنے کے بعد کھلاڑی کو کم از کم 18 سے 20 گھنٹے تک زیر نگرانی رکھا جاتا ہے۔ ٹیم ذرائع کے مطابق فخر زمان بالکل خیریت سے ہیں اور آج بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں حصہ لیں گے۔پاکستان ٹیم ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں آج بنگلہ دیش کے مدِمقابل ہوگی۔