آئرلینڈ میں سیکیورٹی اداروں نے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا جب آئرش بحریہ نے ڈبلن کے شمال مشرق میں، ایئرپورٹ سے تقریباً 20 کلومیٹر دور، یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے فلائٹ روٹ کے قریب پانچ مشکوک ڈرونز کو پرواز کرتے دیکھا۔
رپورٹس کے مطابق یہ ڈرونز اس مقام تک پہنچے جہاں سے صدر زیلنسکی کا طیارہ گزرنا تھا، تاہم خوش قسمتی سے طیارہ مقررہ وقت سے پہلے لینڈ کر چکا تھا، جس کی وجہ سے کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں ہوا۔آئرش حکام نے فوری طور پر ڈرونز کی موجودگی سے یوکرینی سیکیورٹی کو آگاہ کیا۔ تاہم صورتحال ایسی نہیں تھی کہ صدر کے دورے کے شیڈول یا سیکیورٹی پلان میں کوئی تبدیلی کی ضرورت پڑتی۔اسی دوران، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک سخت بیان میں کہا کہ اگر یورپ جنگ چاہتا ہے تو روس مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے یورپ پر الزام عائد کیا کہ وہ یوکرین امن معاہدے کو سبوتاژ کر رہا ہے اور اس کے پاس امن کا کوئی ایجنڈا نہیں۔پیوٹن کے مطابق، یورپی ممالک کا اصل مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یوکرین میں امن قائم کرنے کی کوششوں سے روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یورپ زمینی حقائق تسلیم کرے تو روس مذاکرات کے لیے دروازہ کھلا رکھے گا، لیکن جنگ چھیڑنے کی صورت میں "مذاکرات کے لیے کوئی نہیں بچے گا۔"