وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن پر جھوٹی مہم چلانے والے صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بے بنیاد پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں غیر ضروری بے چینی پیدا کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ بڑے بڑے سینئر صحافیوں نے بغیر تصدیق کے ایسا طوفان کھڑا کیا جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا، اس لیے انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مہم چلانے والے افراد کو بھی اپنی روش پر شرمندہ ہونا چاہیے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع اب مزید مضبوط ہو گیا ہے، اسٹرکچرل تبدیلیاں لا کر ملک کی سلامتی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے، جس سے دشمن خوفزدہ ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تمام فورسز کے لیے ایک متحدہ کمانڈ قائم کر دی گئی ہے، جس سے دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے مشرقی اور مغربی دونوں سرحدوں کو محفوظ بنا لیا ہے، اور اب دشمن کو کسی جارحیت کی ہمت نہیں ہوگی۔