کراچی میں بچی کھلے گٹر میں گر گئی، راہگیر کی فوری کارروائی سے جان بچ گئی

کراچی میں بچی کھلے گٹر میں گر گئی، راہگیر کی فوری کارروائی سے جان بچ گئی

کراچی: منگھوپیر کے علاقے گرم چشمہ کے قریب ایک نجی اسکول کی پہلی جماعت کی طالبہ عنایہ امین کھلے گٹر میں گر گئی، تاہم جائے وقوعہ سے گزرنے والے راہگیر کی فوری کارروائی سے بچی کی جان بچ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ بچی اسکول سے چھٹی کے بعد گھر جا رہی تھی کہ اچانک گٹر میں جاگری۔ وہاں موجود شہری نے فوراً اسے کھلے گٹر سے نکال کر محفوظ کر لیا۔یہ واقعہ کراچی میں کھلے گٹروں کے مسئلے کی طرف دوبارہ توجہ دلانے والا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب 3 سالہ ابراہیم کھلے گٹر میں گرنے کے بعد جاں بحق ہو گیا تھا۔ اس کے والدین کی دردناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

حادثے کے بعد مقامی نوجوان اور اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت مشینری کے ذریعے ابراہیم کی تلاش کی، لیکن 14 گھنٹے بعد بچے کی لاش تقریباً ایک کلومیٹر دور نالے سے برآمد ہوئی۔ واقعے کے 2 روز بعد میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے متوفی کے گھر جا کر ذمہ داری قبول کی اور ورثا سے معافی مانگی۔کے ایم سی کی تحقیقاتی رپورٹ میں بی آر ٹی ریڈ لائن کی تعمیرات کو اس حادثے کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا تھا، جو کھلے گٹروں اور غیر محفوظ راستوں کے خطرات کو اجاگر کرتی ہے۔