کراچی: شہر قائد میں ڈکیتوں کی بے لگام وارداتیں جاری ہیں، جہاں اب راہگیر بچے بھی محفوظ نہ رہے۔
اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ سے اسکول سے واپس آنے والا 12 سالہ بچہ اور ایک 52 سالہ راہگیر شہری زخمی ہوگئے، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق واقعہ مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن نمبر 10 فرنیچر مارکیٹ کے قریب پیش آیا، جہاں 2 موٹر سائیکل سوار مسلح افراد ایک شہری کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق واردات کے دوران مزاحمت اور قریبی پکٹ پر موجود اہلکاروں کی للکار پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے راہ گیر عبدالوحاب (12 سالہ) اور عبدالرشید (52 سالہ) زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور ارد گرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش شروع کر دی ہے۔ایس ایچ او مومن آباد کے مطابق ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔دوسری جانب سہراب گوٹھ کے علاقے ایوب گوٹھ میں گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک خاتون زخمی ہو گئی، جس کی شناخت زکیہ زوجہ مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔ متاثرہ خاتون کو بھی عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔