ایم آئی، آئی ایس آئی کیسربراہ، کورکمانڈر گوجرانوالہ،سعودیہ میں فوجی اتاشی رہے
2022میں آرمی چیف بنے،مدت 3سے5سال ہوئی، اب 2030تک سی ڈی ایف
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)فیلڈ مارشل ،آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر دوران ملازمت شاندار کردار اور پیشہ ورانہ قابلیت کے حامل فوجی افسر رہے ، انہیں نومبر 2022 میں وزیر اعظم شہباز شریف نے چیف آف آرمی سٹاف تعینات کیا، جبکہ 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آرمی چیف سمیت ایئر چیف اور نیول چیف کی تعیناتی کا عرصہ 3 سال سے بڑھا کر پانچ سال کر دیا گیا ، سید عاصم منیر کی قیادت میں مئی کے معرکے میں جب پاکستان بھارت کو بدترین اور تاریخی شکست سے دو چار کیا تو ان کو فیلڈ مارشل کے اعزاز سے نوازا گیا، اب 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد انہیں ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے پر 2023 تک تعینات کیا گیا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 1986 میں ایس ٹی ایس منگلا سے فوجی کیریئر کا آغاز کیا اور فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا،انہیں بطور کیڈٹ بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا،ان کی ملٹری تعلیم و تربیت میں مختلف اہم ادارے شامل رہے جن میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ، ملائیشیا کا آرمڈ فورسز کالج، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد شامل ہیں، وہ سعودی عرب میں فوجی اتاشی بھی تعینات رہے اور یہیں انہوں نے قرآنِ کریم حفظ کیا ،اپنے فوجی کیریئر کے دوران سید عاصم منیر نے مختلف حساس اور کلیدی عہدوں پر خدمات سر انجام دیں، وہ 2016 سے 2018 تک ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس رہے اور 25اکتوبر 2018 میں ڈی جی آئی ایس آئی تعینات ہوئے تاہم یہ عہدہ ان کے پاس مختصر مدت کے لیے رہا،وہ اس عہدے پر 16 جون 2019 تک رہے، انہیں 17 جون 2019 کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کیاگیا جہاں انہوں نے 6 اکتوبر 2021 تک خدمات سر انجام دیں ، انہوں نے کوارٹر ماسٹر جنرل کے عہدے پر 6 اکتوبر 2021 سے 28 نومبر2022 تک خدمات سر انجام دیں، انہیں 29نومبر 2022 کو چیف آف آرمی سٹاف تعینات کیا گیا۔