غزہ : اسرائیل کا میزائل حملہ، خیموں میں آگ لگ گئی، 5 فلسطینی شہید، 32 زخمی

 یہ کارروائی جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے،  اسکے نتائج کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوگی،حماس
غزہ،تل ابیب،قاہرہ  (آئی این پی )غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری،  خان یونس میں میزائل حملے نے خیمہ بستی میں آگ لگا دی جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت پانچ فلسطینی شہید ہوگئے، جبکہ فریقین نے ایک دوسرے پر معاہدہ توڑنے کا الزام عائد کر دیا۔عالمی میڈیا  رپورٹس کے مطابق غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں جمعرات کی صبح اسرائیلی میزائل حملے کے باعث خیمہ بستی میں آگ بھڑک اٹھی۔ حملے میں دو بچوں سمیت پانچ فلسطینی شہید ہوگئے۔ مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور مزید خیموں کو جلنے سے بچا لیا۔الکویتی اسپتال کے طبی حکام کے مطابق اسپتال میں لائی گئی 5 لاشوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ کچھ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔اسرائیلی فوج نے دعوی کیا کہ خان یونس میں کیا گیا حملہ حماس کے ایک جنگجو کو نشانہ بنانے کیلئے   تھا۔