وزیراعظم نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں 2 سال توسیع کی منظوری دیدی‘ اطلاق موجودہ مدت ملازمت مارچ 2026 میں مکمل ہونے پر ہوگا

 فیلڈ مارشل5سال کیلئے چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پانچ سال کیلئے چیف آف آرمی سٹاف  بھی رہیں گے‘ ملک کے   پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز بن گئے‘
 وزیراعظم نے  تعیناتی کی سمری منظور کرکے بھجوائی‘صدر آصف زرداری نے منظوری دیدی
 ’’سب ٹھیک ہے‘‘  پاکستان اب ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوگا‘ ملک  کے حالات میں بہتری آ رہی ہے ‘ پاکستان یہاں سے ’’اونچی اڑان‘‘ کی طرف جائے گا:جنرل عاصم منیر کی ایوان صدر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو
اسلام آباد( آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  کی بطور چیف آف آرمی  سٹاف  اور چیف آف ڈیفنس فورسز  تعیناتی کی سمری منظور کر کے ایوان صدر بھجوا دی ‘صدر آصف علی زرداری نے سمری کی منظوری دے دی۔ یہ تعیناتی پانچ سال کے لیے ہو گی، اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملک کے  پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز  ہوں گے، جو مسلح افواج کے تینوں شعبوں کے سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔اسی سلسلے میں وزیراعظم نے چیف آف ایئر سٹاف  ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو  کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع کی بھی منظوری دی ہے۔ اس توسیع کا اطلاق موجودہ پانچ سالہ مدت ملازمت کے مارچ 2026 میں مکمل ہونے کے بعد ہو گا، جس کے بعد وہ مزید دو سال تک اپنے عہدے پر خدمات انجام دیں گے۔یہ اقدام ملکی مسلح افواج میں قیادت کے تسلسل اور دفاعی انتظامات میں مضبوطی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔دریں اثناء فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایوان صدر میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’سب ٹھیک ہے‘‘ اور اس بات پر یقین ظاہر کیا کہ پاکستان اب ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ حالات میں بہتری آ رہی ہے اور پاکستان یہاں سے ’’اونچی اڑان‘‘ کی طرف جائے گا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنی بات چیت میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے اور ’’چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’سب آپ کے سامنے ہے‘‘، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ موجودہ حکومتی اقدامات اور ترقی کے عمل کے بارے میں پراعتماد ہیں۔انہوں نے اس موقع پر صحافیوں کو ملکی ترقی کے بارے میں یقین دلایا اور کہا کہ پاکستان نے اپنے چیلنجز پر قابو پایا ہے اور اب آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے